شرعی سوال و جواب

خواتین کے لیے غیر ضروری بالوں کی صفائی میں ایپی لیٹر کے استعمال کا حکم

خواتین کے لیے غیر ضروری بالوں کی صفائی میں ایپی لیٹر کے استعمال کا حکم


سوال

خواتین غیر ضروری بالوں کی صفائی کے لیے آج کل کی مشین ایپی لیٹر (غیر ضروری بال صاف کرنے والی مشین)کا استعمال کر سکتی ہیں؟لوہا نہ لگانے سے متعلق سن رکھا ہے۔

جواب

عورت کے لیےغیر ضروری بالوں(زیرِ ناف اور بغل کے بال) کواکھاڑنابہتروافضل ہے۔اکھاڑنے میں تکلیف ہو توکریم ،پاؤڈر وغیرہ سے صاف کرنا چاہیئے۔بلیڈ،استرے یاکسی لوہے کی چیزکا استعمال کرناغیرافضل ہے،تاہم اگر کوئی عورت غیر ضروری بالوں کو دور کرنے کے لیےبلیڈ ،استرے یا کوئی جدید مشین  استعمال کرلے تو گناہ نہیں۔بال صاف کرنے کی نفسِ سنت بہر صورت حاصل ہوجائے گی۔
حاشیة الطحطاوی علی المراقی میں ہے:

“والسنة في حلق العانة أن یکون بالموسی؛ لأنه یقوي، وأصل السنة یتأدی بکل مزیل؛ لحصول المقصود وهو النظافة، وقال النووي: الأولی في حقه الحلق، وفي حقها: النتف.”

( کتاب الصلاة، باب الجمعة، ص:527، ط:دار الكتب العلمية)

فتاوی محمودیہ میں ہے:

”سوال : عورت موئے زہار کے لئے استرہ استعمال کر سکتی ہے یا نہیں؟
جواب:کرسکتی ہے، مگر مناسب نہیں۔“

(باب خصال الفطرۃ، ج:19، ص:445، ط:دار الافتاء جامعہ فاروقیہ)

آپ کے مسائل اور ان کا حل میں ہے:

”سوال : کیا عورتوں کو کسی لوہے کی چیز سے غیر ضروری بالوں کا دُور کرنا گناہ ہے؟

جواب: غیر ضروری بالوں کے لئے عورتوں کو چونا، پاؤڈر، صابن وغیرہ استعمال کرنے کا حکم ہے، لوہے کا استعمال ان کے لئے پسندیدہ نہیں ، مگر گناہ بھی نہیں۔“ 

(حیض ونفاس،ج:3، ص:141، ط:مکتبہ لدھیانوی)
فقط واللہ اعلم


دارالافتاء :
جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


حقوق و آدابِ معاشرت
بالوں کے احکام و آداب
2025-12-03 22:36:16

یہ اصل سوال اور اس کا متعلقہ جواب ہے۔ جواب میں درج ماخذ، حوالہ اور شرائط ملحوظ رکھیں۔ کسی نئے یا مختلف معاملے کے لیے دارالافتاء سے رجوع کریں۔