شرعی سوال و جواب

روزے میں گانے سننے کا حکم

سوال

روزے کی حالت میں کام کے دوران گانے سننے کا کیا حکم ہے؟

جواب

عام حالات میں بھی گانا سننا  شریعت میں  حرام   ہے ، روزہ میں اس کا گناہ اور بھی زیادہ بڑھ جاتا ہے،  اس سے روزہ مکروہ ہوجاتا ہے، اس کے ثواب میں کمی ہوجاتی ہے، البتہ اس سے روزہ   اس معنی میں فاسد نہیں  ہوتا کہ اس کی قضا کرنا لازم ہو،  لیکن اس کی روح ختم ہوجاتی ہے، اس لیے روزہ کے دوران بھی گانا نہ سنے بلکہ قرآن مجید کی تلاوت یا اہل حق علماء کی تقریر سنے۔

حدیث مبارک میں ہے:

“وعن أبي هريرة رضي الله عنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : ” من لم يدع قول الزور والعمل به فليس لله حاجة في أن يدع طعامه وشرابه.” رواه البخاري (3/26، برقم : 1903 )

ترجمہ: “حضرت ابوہریرہ  ؓ  سے روایت ہے  کہ رسول اللہ ﷺ نےارشاد  فرمایا:  جو شخص (روزے کی حالت میں) لغو و باطل کلام اور بے ہودہ  افعال نہ چھوڑے گا تو اللہ کو اس بات کی پرواہ نہیں  ہے کہ  وہ اپنا  کھانا پینا چھوڑ دے۔”

مزید  تفصیل کے لیے مفتی محمد شفیع رحمہ اللہ کی کتاب ” اسلام اور موسیقی ” کا مطالعہ فرمائیں۔

فقط واللہ اعلم


دارالافتاء :
جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


روزہ
جو چیزیں روزہ میں مکروہ ہیں
2025-10-08 10:30:11

یہ اصل سوال اور اس کا متعلقہ جواب ہے۔ جواب میں درج ماخذ، حوالہ اور شرائط ملحوظ رکھیں۔ کسی نئے یا مختلف معاملے کے لیے دارالافتاء سے رجوع کریں۔