شرعی سوال و جواب

اجنبی شادی شدہ عورت سے محبت کرنے کا حکم

سوال

 مجھے ایک شادی شدہ لڑکی سے محبت ہے جو کہ اس کی شادی سے پہلے بھی تھی اب بھی ہے مگر مجھے کچھ ٹھیک نہیں لگ رہا ،براہ کرم مجھے اس کے بارے میں آگاہ کریں یا ان سے دور ہونے کا وظیفہ بھی بتا دیں۔

جواب

واضح رہے کہ  اجنبی مرد و عورت کا آپس میں  تعلق رکھنا  اور ایک دوسرے سے محبت کرنا سخت گناہ اور حرام  ہے  اور شادی شدہ  ہو کر یہ کام کرنا اور بھی زیادہ قبیح  ہے  ۔

لہذا صورت ِ مسئولہ میں ایسے شخص کو چاہیے کہ وہ اپنے اس فعل شنیع پر توبہ و استغفار کی کثرت کرے اور اپنے ماحول کوتبدیل کرے، نیک لوگوں کی صحبت اختیار کرے،  اور  روزانہ دو رکعت نفل توبہ  کی نیت سےپڑھے، اور ہر نماز کے بعد یہ دعا سات مرتبہ پڑھا کریں:

“اَللّٰهُمَّ  إِنِّیْ أَسْأَلُكَ الْھُدىٰ وَالتُّقىٰ وَالْعَفَافَ وَالْغِنىٰ.” 

صحیح مسلم میں ہے:

“عن ‌أبي هريرة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: ” كتب على ابن آدم ‌نصيبه ‌من ‌الزنا مدرك ذلك لا محالة، فالعينان زناهما النظر، والأذنان زناهما الاستماع، واللسان زناه الكلام.”

(كتاب القدر، باب قدر على إبن آدم حظه من الزنا وغيره، ج:8، ص:52، ط: دارالطباعة العامرة تركيا)

فتاوی شامی میں ہے:

“وفي الشرنبلالية معزيا للجوهرة: ولا يكلم الأجنبية ‌إلا ‌عجوزا عطست أو سلمت فيشمتها لا يرد السلام عليها وإلا لا انتهى.”

(كتاب الحظر والإباحة، ‌‌فصل في النظر والمس، ج:6، ص:369، ط:سعيد)

فقط واللہ اعلم


دارالافتاء :
جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


حظر و اباحت
اجنبی عورتوں سے تنہائی، میل جول / مس کرنا
2025-10-08 14:35:16

یہ اصل سوال اور اس کا متعلقہ جواب ہے۔ جواب میں درج ماخذ، حوالہ اور شرائط ملحوظ رکھیں۔ کسی نئے یا مختلف معاملے کے لیے دارالافتاء سے رجوع کریں۔