شرعی سوال و جواب

سپیلنی نامی جڑی بوٹی کو نظر بد کے لیے جلانا

سوال

 “سپیلنی” نام کی جڑی بوٹی جو نظر بد دور کرنے  کے لیے جلائی جاتی ہے٫اور دھواں کرتی ہے ،تو کیا یہ روایات سے ثابت ہے؟

جواب

  نظر بد سے حفاظت کی غرض سے مذکورہ جڑی بوٹی کو استعمال کیے  جانے کا عمل  شریعت و سنت سے ثابت تو نہیں ،البتہ لوگوں کے تجربات میں سے ہوسکتا ہے، اس لئے بطور علاج اسے اختیار کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، البتہ اسے سنت  سمجھ کر کرنا درست نہیں ہے،نظر بد سے حفاظت اور اس کا اثر ختم کرنے کے کئی طریقے احادیثِ مبارکہ سے معلوم ہوتے ہیں ، جن میں سے کچھ مندرجہ ذیل ہیں ،ان پر عمل کرلیا جائے تو ان شاء اللہ نظر بد کا اثر ختم ہوجائے گا:

1۔سورۂ فاتحہ ، آیۃ الکرسی ،معوذتین اور مندرجہ ذیل دعاپڑھیں:

” أَعُوذُ بِكَلِمَاتِ اللّٰهِ التَّامَّةِ مِنْ كُلِّ شَيْطَانٍ وَهَامَّةٍ ، وَمِنْ كُلِّ عَيْنٍ لاَمَّةٍ.”  (اسوۂ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم)

2۔  جس کو نظرِبد لگ جائے تواس کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس قولِ مبارک سے دم کیا جائے :

 “بِسْمِ اللّٰهِ  اَللّٰهُمَّ أَذْهِبْ حرَّهَا وَبَردَهَا وَوَصْبَهَا.” 

ترجمہ :اللہ کے نام پر، اے اللہ تواس (نظربد)کے گرم وسرد کو اوردکھ درد کو دورکردے ۔

اس کے بعد یہ کلما ت کہے :

 “قُمْ بِـإِذنِ اللّٰهِ.”

 ترجمہ : اللہ کے حکم سے کھڑا ہو جا ۔(حصن حصین )

فقط و اللہ اعلم 


دارالافتاء :
جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن


حظر و اباحت
علاج معالجہ کے آداب و حدود
2025-10-17 16:16:48

یہ اصل سوال اور اس کا متعلقہ جواب ہے۔ جواب میں درج ماخذ، حوالہ اور شرائط ملحوظ رکھیں۔ کسی نئے یا مختلف معاملے کے لیے دارالافتاء سے رجوع کریں۔